نواز شریف نے تردید کر دی
Reading Time: < 1 minuteاسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے پیشی کے موقع پر غیر رسمی گفتگو کی ہے ۔ سابق وزیراعظم نوازشریف نے روزنامہ جنگ میں شائع خبر کی تردید کر دی ہے ۔
نواز شریف نے کہا کہ میں نے کل کوئی بات ہی نہیں کی اور یہ میرے نام سے بیان لگا دیا گیا ۔ واضح رہے کہ روزنامہ جنگ کے فرنٹ پیج پر نوازرسے منسوب بیان شائع کیا گیا ہے، نوازشریف سے منسوب بیان میں پیپلزپارٹی کو پی ٹی آئی کا بغل بچہ قرار دیا گیا ہے، روزنامہ جنگ میں نیوز ایجنسی کی کریڈٹ لائن سے بیان شائع کیا گیا ہے ۔
نواز شریف نے کہا کہ میری طرف سے تردید چلائیں کہ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سے متعلق ایسی بات نہیں کی ۔ عدالت میں نواز شریف کو ٹی وی رپورٹر نے بتایا کہ یہ خبر جنگ کے رپورٹر کی نہیں، آن لائن نیوز ایجنسی کی ہے ۔ صحافیوں نے وضاحت کی کہ آن لائن نیوز کا رپورٹر کمرہ عدالت میں موجود ہی نہیں تھا ۔
یاد رہے کہ آن لائن نیوز ایجنسی محسن بیگ نامی ایک شخص کی ہے جو گجرات کے چودھری برادران کے قریب سمجھے جاتے ہیں ۔ اسی شخص نے ملک ریاض سے روزنامہ جناح بھی خرید رکھا ہے اور ایک مقامی انگریزی روزنامہ مارننگ میل بھی شائع کرتا ہے ۔ آن لائن نیوز ایجنسی پروپیگنڈہ خبروں کیلئے مشہور سمجھی جاتی ہے ۔