خادم رضوی اور افضل قادری گرفتار
Reading Time: < 1 minuteپنجاب بھر میں تحریک لبیک کے کارکنوں اور رہنماؤں کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس نے کریک ڈاؤن کا آغاز کیا ہے ۔ خادم رضوی اور افضل قادری کو ان کے گھروں سے گرفتار کر لیا گیا ہے ۔
یاد رہے کہ تحریک لبیک کی اعلی قیادت نے حالیہ دھرنے میں فوجی قیادت اور ججوں کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کی تھیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتاریاں اسی کا ردعمل ہیں اور حکومت آسیہ بی بی کو بھی بیرون ملک بھیجنا کیلئے تیاری کر رہی ہے ۔
صحافی یاسر حکیم کے مطابق راولپنڈی پولیس نے تحریک لبیک کے 33 سرکردہ رہنماوں و کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے ۔ راولپنڈی تمام افراد کو 16 ایم پی او کے تحت حراست میں لیا ہے، پولیس ذرائع کے مطابق راولپنڈی تحریک لبیک کے کارکنوں کو راتوں رات جیل منتقل کیا جاے گا ۔
پولیس ذرائع کے مطابق راولپنڈی تحریک لبیک کے کارکنوں کے خلاف ایکشن مختلف رپورٹس کی روشنی میں لیا جارہا ہے ۔ لاہور میں تحریک لبیک نے کریک ڈاؤن کے بعد اپنے کارکنوں کو سڑکوں پر نکلنے کیلئے کہا ہے ۔
اسلام آباد میں وزارت داخلہ کے احکامات پر وفاقی پولیس نے تحریک لبیک کیخلاف کریک ڈاؤن کیا ہے اور شہر سے 200 عہدیدار اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔
فیض آباد کے مقام پر سکیورٹی الرٹ کردی گئی ہے اور رینجرز کا گشت جاری ہے ۔ سیف سٹی کیمروں سے مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے ۔
واضح رہے کہ رہنماء تحریک لبیک خادم رضوی نے 25 تاریخ کو یوم شہدا تحریک منانے کا اعلان کررکھا ہے ۔ خادم حسین رضوی کی کال پر رہنماوں و کارکنوں کو فیض آباد پہنچنے کا حکم دیا گیا ہے ۔