صدر ٹرمپ کا درآمدی اشیا پر اضافی ٹیرف، کینیڈا اور چین نے جواب دے دیا
Reading Time: < 1 minuteکینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ اُن کا ملک منتخب امریکی اشیا پر اپنی 25 فیصد محصولات کے ساتھ صدر ٹرمپ کی عائد کردہ محصولات کا جواب دے گا۔
سینچر کو ایک پریس کانفرنس میں کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ ’کینیڈا امریکی تجارتی کارروائی کا جواب 155 بلین ڈالر مالیت کے امریکی سامان پر 25 فیصد اضافی ٹیرف کے ساتھ دے گا۔‘
انہوں نے ڈرامائی لہجے میں کینیڈا اور امریکہ کے دیرینہ تعلقات میں دراڑ کی خبر دی۔
ٹیرف کا پہلا دور منگل کو 30 بلین ڈالر مالیت کی امریکی اشیا کو نشانہ بنائے گا اور اس کے بعد تین ہفتوں میں 125 بلین ڈالر مالیت کی مصنوعات پر مزید ٹیرف لگائے جائیں گے۔
وزیراعظم ٹروڈو نے کینیڈین شہریوں سے کہا کہ وہ امریکہ کے بجائے مقامی اشیا خریدیں اور چھٹیاں گزارنے کے لیے امریکہ کا رخ نہ کریں۔
ادھر چین نے بھی کہا ہے کہ وہ اپنی اشیا پر امریکہ کے اضافی ٹیرف عائد کیے جانے کا جواب دے گا اور امریکی درآمدی سامان پر اضافی کسٹمز ڈیوٹی عائد کرے گا۔