پاکستان میں 13 نئے وزرا کا حلف، وفاقی کابینہ کی تعداد کتنی ہوگئی؟
Reading Time: 3 minutesپاکستان کی وفاقی کابینہ میں کی گئی توسیع کے بعد 13 وفاقی وزراء اور 11 وزرائے مملکت نے حلف اٹھایا ہے جس کے بعد وفاقی کابینہ کی مجموعی تعداد 42 ہو گئی ہے۔
وفاقی وزرا اور وزرائے مملکت کے علاوہ کابینہ میں چار مشیر اور چار معاونین خصوصی بھی شامل ہیں۔ جنہیں ملا کر تعداد 50 تک پہنچ گئی ہے۔
ہارون اختر، حذیفہ رحمان بھی وزیراعظم کے معاون خصوصی ہوں گے جن کا درجہ وزیر مملکت کے برابر ہوگا۔
ایوانِ صدر میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں صدرِ آصف علی زرداری نے نئے وزراء سے حلف لیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات بھی موجود تھیں۔
نئے شامل ہونے والے وفاقی وزراء میں کئی نمایاں اور تجربہ کار سیاست دان شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی ’غیرمعمولی‘ اشتہاری مہم، صحافتی اصولوں کی نفی؟
لائیو: وفاقی کابینہ میں توسیع، 13 وفاقی وزرا اور 11 وزرائے مملکت نے حلف اٹھا لیا
وزرا میں ن لیگ کے حنیف عباسی بھی شامل ہیں، حنیف عباسی مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی ہیں، وہ راولپنڈی کی سیاست میں ایک اہم مقام رکھتے ہیں اور اپنے سیاسی کیریئر کے دوران متعدد مواقع پر حکومتی پالیسیوں بالخصوص راولپنڈی اسلام آباد سے متعلق حکومتی منصوبوں میں کردار ادا کر چکے ہیں۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اسلام آباد سے تعلق رکھتے ہیں، وہ پہلے بھی وزیر مملکت رہ چکے ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے مصطفیٰ کمال کراچی کے سابق ناظم رہ چکے ہیں۔ اپنی انتظامی صلاحیتوں اور کراچی کے مسائل کو حل کرنے کی مہارت کے باعث جانے جاتے ہیں، وہ بھی کابینہ کا حصہ بن گئے ہیں۔
سردار محمد یوسف خیبرپختونخوا کی ہزارہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے ایک سینئر رہنما ہیں۔
اس سے قبل وہ وزیر مذہبی امور کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ علی پرویز ملک لاہور سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ (ن) کے نوجوان رہنما اور سابق وزیر پرویز ملک کے صاحبزادے ہیں۔
شزہ فاطمہ خواجہ مسلم لیگ (ن) سے وابستہ ہیں۔ وہ خواتین کے حقوق کے حوالے سے ایک سرگرم رکن قومی اسمبلی ہیں اور اس سے قبل وہ وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے طور پر فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔
بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے خالد مگسی بھی نئی کابینہ کا حصہ بنے ہیں۔ وہ صوبے کی سیاست میں ایک نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔
حلف اٹھانے والے دیگر وفاقی وزراء میں معین وٹو، جنید انور،، پیر عمران شاہ، اورنگزیب کھچی، رانا مبشر، رضا حیات ہراج شامل ہیں۔
معین وٹو، عمران شاہ اور رانا مبشر کا تعلق بھی ن لیگ سے ہے جو پہلی مرتبہ کسی کابینہ کا حصہ بنے ہیں۔
وزرائے مملکت میں اور بھی کئی اہم شخصیات شامل ہیں۔
بیرسٹر عقیل ملک پہلی بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، وہ قانونی ماہر ہیں، حکومت کے قانونی اور آئینی معاملات میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے طلال چوہدری مسلم لیگ (ن) کے ایک سرگرم رہنما ہیں۔ وہ ماضی میں وزیر مملکت برائے داخلہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اب وہ ایک مرتبہ پھر وزیرِمملکت بنا دیے گئے ہیں۔
کھیئل داس کوہستانی مسلم لیگ (ن) کے اقلیتی رکن قومی اسمبلی ہیں، ہندو برادری کی مؤثر نمائندگی کرتے ہیں اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کام کر رہے ہیں۔
جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے عبدالرحمان کانجو بھی نئی کابینہ میں شامل کیے گئے ہیں۔
حلف اٹھانے والے وزراء مملکت میں بلال کیانی، مختار بھرت، شذرہ منصب، وجیہہ قمر بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کے تین مشیروں نے بھی حلف اٹھایا، جن میں پرویز خٹک، توقیر شاہ، اور محمد علی شامل ہیں۔