چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں 600 فیصد اضافہ
پاکستان میں معیشت کی بدحالی اور مالی مشکلات کا رونا رونے والی حکومت نے قومی اسمبلی کے سپیکر اور سینیٹ کے چیئرمین کی تنخواہوں میں 600 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق دونوں عہدیداروں کی بنیادی تنخواہ دو لاکھ پانچ ہزار سے بڑھا کر 13 لاکھ روپے کر دی ہے جبکہ الاؤنسز اس کے علاوہ ہیں۔
ڈان گروپ سے منسلک سینیئر صحافی ثنا اللہ خان نے اس حوالے سے حکومت کا جاری کردہ نوٹیفکیشن پوسٹ کرتے ہوئے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر تبصرہ کیا کہ
”سرکاری گاڑیاں،سرکاری گھر، پیٹرول مفت، بجلی مفت، گیس مفت، نوکر چاکر سرکاری، کھانا پینا مفت، بیرون ملک دورے مفت، سرکاری خرچے پر ٹریولنگ اور اس کے بعد بھی سپیکر اور چیرمین سینیٹ کا موجودہ تنخواہ میں گزارہ مشکل تھا۔“
انہوں نے مزید لکھا کہ دونوں کی تنخواہ میں 600فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا اور عوام سے کہتے ہیں کہ 37 ہزار میں گزارہ کریں۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق دونوں عہدیداروں کے لیے تنخواہوں میں اضافے کا اطلاق یکم جنوری سے کیا گیا جس کے مطلب ہے کہ اُن کو گزشتہ پانچ ماہ کی تنخواہوں کے لگ بھگ 50 لاکھ بقایا جات بھی ملیں گے۔