کھیل

الوداع ڈیاگو جوٹا: فٹبال کا ایک اور ستارہ بجھ گیا

جولائی 3, 2025

الوداع ڈیاگو جوٹا: فٹبال کا ایک اور ستارہ بجھ گیا

علی ارقم – صحافی
اٹھائیس سالہ ڈیاگو جوٹا، پرتگالی فٹبال سٹار اور انگلش کلب لیورپول کے اسٹرائیکر، ایک ہولناک ٹریفک حادثے میں اپنے چھبیس سالہ بھائی آندرے سلوا کے ہمراہ دنیا سے گزر گئے.

یہ سانحہ اسپین کے صوبہ زامورا میں اس وقت پیش آیا جب وہ ایک لگژری سپرکار (Lamborghini Aventador) چلا رہے تھے۔ اوورٹیک کرتے وقت گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا، وہ بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے جا گری، الٹ گئی، اور چند لمحوں میں شعلوں کی لپیٹ میں آ گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق دونوں بھائی موقع پر ہی دم توڑ چکے تھے۔

جوٹا کا فٹبال سفر

جوٹا نے پرتگال کے کلبز سے پروفیشنل کیریئر کا آغاز کیا، پھر انگلش کلب وولوز سے ہوتے ہوئے 2020 میں لیور پول کا حصہ بنے، اس دوران انہوں نے 182 میچز، 65 گولز، اور پریمیئر لیگ 2025، ایف اے کپ، اور دو لیگ کپ جیتے.

پرتگال کی قومی ٹیم کی طرف سے 49 میچز، 14 گولز، اور پچھلے ماہ اپنے ملک کیلئے یوئیفا نیشنز لیگ 2025 جیتنے میں کلیدی کردار ادا کیا

صرف گیارہ دن پہلے ڈیاگو جوٹا نے اپنی طویل عرصے کی گرل فرینڈ روٹے کارڈوسو سے شادی کی تھی اور ہنی مون کے بعد وہ واپس برطانیہ جا رہے تھے. چونکہ حال ہی میں اُن کے پھیپھڑوں کا آپریشن ہوا تھا، وہ فضائی سفر سے گریز کر رہے تھے، اور بھائی کے ساتھ فیری پکڑنے زمینی سفر پر روانہ ہوئے تھے… لیکن زندگی کو کچھ اور ہی منظور تھا۔

حادثے میں تباہ ہونے والی گاڑی (Lamborghini Aventador) ایک ہائی پرفارمنس سرکار سمجھی جاتی ہے، جس کی قیمت تقریباً 14 کروڑ پاکستانی روپے ہے۔ ایسی گاڑیاں رفتار، ڈیزائن اور طاقت کی علامت ہوتی ہیں.

مگر جب بھرپور رفتار کے دوران ایک معمولی خرابی جیسے ٹائر پھٹنے جیسا واقعہ پیش آتا ہے، تو نتائج ناقابلِ تصور ہوتے ہیں۔

یہ سانحہ صرف لیورپول یا پرتگال کا نہیں، پوری فٹبال دنیا کا نقصان ہے۔ کرسٹیانو رونالڈو، لیورپول ایف سی، پرتگال فٹبال فیڈریشن، اور دنیا بھر کے مداحوں نے جوٹا کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے.

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے