مبینہ بلاسفیمی بزنس، اسلام آباد ہائیکورٹ کی ایف آئی اے حکام کو ہدایت
مبینہ بلاسفیمی بزنس چلانے والے گروہ کو بے نقاب کرنے کے لیے کمیشن کی تشکیل کی استدعا والی درخواستوں کی سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیش رفت دکھائیں اور اس کی رپورٹ جمع کرائیں۔
جمعرات کو سماعت کے اختتام پر جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر لیگل کو مخاطب کر کے کہا کہ جتنی پیش رفت کی جا رہی ہے وہ نظر آ رہی ہے۔
عدالت نے ایف آئی اے کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ پیر کو عدالت کو بتائیں کہ جو ہدایات جاری کی گئی ہیں اُن پر کیا پیش رفت کی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے مبینہ گینگ کی ایک پُراسرار رکن کومل اسماعیل (ایمان) کو ڈھونڈ کر عدالت میں پیش کرنے کے لیے کہا ہے۔
عدالت نے اسلام آباد میں قتل کیے گئے عبداللہ شاہ کے کیس میں تفتیش پر سوالات اُٹھاتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے اور آئی جی پولیس سے بھی جواب طلب کیا ہے۔