پانچ منزلہ عمارت گرنے سے کراچی میں پانچ ہلاک، چھ زخمی
کراچی کے علاقے لیاری میں پانچ منزلہ عمارت گرنے سے پانچ افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوئے ہیں جبکہ 30 سے زائد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔
جمعے کو ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ’اب تک پانچ افراد کی لاشوں اور چھ سے سات زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے، جبکہ 30 سے زائد افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ریسکیو کے عمل کو تیز کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے مطابق لیاری کی تنگ گلیوں کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری طرف وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شہر کی مخدوش عمارتوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔