امریکی ریاست ٹیکساس میں سکول کی 23 طالبات سمر کیمپ سے لاپتہ
امریکی ریاست ٹیکساس میں سکول کی 23 طالبات سمر کیمپ سے لاپتہ ہو گئی ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے وہ سیلاب میں بہہ چکی ہیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق والدین نے اپنی جوان بیٹیوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر معلومات کی درخواست کے ساتھ پوسٹ کیں۔
ریاست کے جنوبی وسطی علاقے میں رات بھر سیلاب آنے کے بعد جمعے کے روز آل گرلز سمر کیمپ کی کم از کم 23 کیمپرز لاپتہ ہیں۔
جمعے کی شام کو کیر کاؤنٹی کے شیرف لیری لیتھا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ صبح ہونے سے قبل ایک طوفان کے بعد تقریباً ایک فٹ بارش ہوئی جس میں کم از کم 24 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہو گئے اور دریائے گواڈیلوپے سے سیلاب کا پانی باہر آ گیا۔
ہل کنٹری کے نام سے جانا جاتا سیلاب زدہ خطہ صدیوں پرانے سمر کیمپوں سے بھرا ہوا ہے جو لون سٹار سٹیٹ کہلائی جانے والی ریاست بھر سے سالانہ ہزاروں بچوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔
ریاستی حکام نے بتایا کہ ٹیکساس میں دریا کے کنارے ہنٹ کے علاقے میں کرسچین کیمپ مائسٹک سے 23 سے 25 لڑکیاں ابھی تک لاپتہ ہیں۔
انہوں نے یہ اندازہ لگانے سے انکار کیا کہ پورے خطے میں کتنے لوگ لاپتہ ہیں لیکن کہا کہ بڑے پیمانے پر تلاش جاری ہے، اب تک 237 کو بچا لیا گیا ہے۔