ریکارڈ ساز شبمن گل کی تاریخی اننگز، انڈین ٹیسٹ کپتان کا انگلینڈ کو بڑا ہدف
انڈین کرکٹ ٹیم ایجبسٹن میں دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف سنیچر کو شبمن گل کی ریکارڈ ساز کارکردگی کے بعد سیریز برابر کرنے والی زبردست فتح کی طرف بڑھ رہی ہے۔
شبمن گل نے انڈیا کے کپتان کے طور پر اپنی پہلی سیریز میں ہی شاندار بلے بازی کے جوہر دکھائے ہیں۔
دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز جب 427-6 پر ڈکلیئر کی تو اُس میں اُن کے اپنے 161 رنز شامل تھے۔
وہ ایک ہی ٹیسٹ میں ڈبل سنچری اور 150 رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
پہلی اننگز میں ان کے 269 رنز ملا کر اس میچ میں اُن کا ذاتی سکور مجموعی طور پر 430 رنز ہے، جو آل ٹائم ریکارڈ بک میں انگلینڈ کے سابق اوپنر گراہم گوچ (1990 میں انڈیا کے خلاف 456) کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔
انڈیا نے انگلش ٹیم کو 608 کا ہدف دیا ہے۔
یہ ایک عالمی ریکارڈ کے ہدف کا تعاقب ہوگا اگر انگلش ٹیم بنا پاتی ہے۔ مگر چوتھے دن کھیل کے اختتام پر اُس کی تین وکٹیں 72 پر گر چکی ہیں۔
انگلش ٹیم کے زیک کرولی (0)، بین ڈکٹ (25) اور اہم بلے باز جو روٹ (6) پر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کو جیت کے لیے مزید 536 رنز درکار ہیں۔
انڈیا کو پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلش ٹیم کی چوتھی اننگز میں شاندار جارحانہ بلے بازی کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔