پاکستان24 عالمی خبریں

بابری مسجد کے مقام پر مندر کیلئے ہجوم کا اکٹھ

نومبر 25, 2018 2 min

بابری مسجد کے مقام پر مندر کیلئے ہجوم کا اکٹھ

Reading Time: 2 minutes

بابری مسجد کیلئے مشہور انڈیا کے شہر ایودھیا میں ایک بار پھر کشیدہ صورتحال کی وجہ سے سکیورٹی کے حصار میں ہے۔ بی بی سی کے مطابق شہر میں جگہ جگہ پولیس، نیم فوجی دستے اور فساد شکن فورسز تعینات کی گئی ہیں اور فلک شگاف نعرے لگ رہے ہیں۔

بابری مسجد کے انہدام کے ۲۵ برس بعد شہر کی فضا میں ایک بار پھر خوف کے سائے ہیں ۔ ہفتے کے روز مہاراشٹر کی اہم سیاسی پارٹی شیو سینا کے سربراہ اودھو ٹھاکرے پہلی بارایودھیا آئے ہیں۔

ادھو ٹھاکرے کے جلسے میں ‘جے شری رام’، ‘مندر وہیں بنائیں گے’، ‘ہر ہندو کی یہی پکار، پہلے مندر پھر سرکار’ جیسے نعرے بار بار لگتے رہے۔ اس سے قبل بھی اس طرح کے نعرے وہاں کئی دنوں سے سنے جا رہے ہیں۔

مہاراشٹر کے بہت سے علاقوں سے شیو سینا کے کارکن ٹرین بک کروا کر، بسوں، لاریوں اور موٹر سائیکل سے ایودھیا پہنچے ہیں۔ شوسینا کے کارکن انتہائی جارحانہ نظر آ رہے تھے اور جوشیلے نعرے لگا رہے تھے۔

اپنے لیڈر ادھو ٹھاکرے کے ایک ایک بیان پر دیر تک نعرے لگا رہے تھے اور انھی نعروں کے زور پر ادھو ٹھاکرے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت کو مندر کی تعمیر کے معاملے پر کٹہرے میں کھڑا کر رہے ہیں ۔

ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ وہ ‘کمبھکرن (رزمیہ مہابھارت کا ایک کردار) کی نیند میں سوئی ہوئی حکومت کو بیدار کرنے کے لیے ایودھیا آئے ہیں۔’

ادھو ٹھاکرے نے عارضی رام مندر کا درشن (زیارت) کیا جس کے بعد انھوں نے حکومت سے ایک آرڈینینس جاری کرکے مندر کی تعمیر کی تاریخ کے تعین کی بات کہی۔

آج یعنی اتوار کو وشو ہندو پریشد کی ‘دھرم سبھا’ (مذہبی اجلاس) کے پروگرام کے بارے میں انھوں نے کہا کہ کوئی بھی مندر کی تعمیر کرسکتا ہے اور شوسینا اس کی حمایت کرے گا۔

شیوا سینا اور وی ایچ پی کے پروگراموں کو دیکھتے ہوئے، ایودھیا میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مقامی پولیس کے علاوہ، پی اے سی، آر ایف اے اور اے ڈی جی کی 48 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔

وی ایچ پی اور اس کی ہمنوا تنظیم کے کارکن پڑوسی اضلاع سے ‘بھکت مال بگیا’ میں جمع ہو رہے ہیں جہاں ان کی دھرم سبھا منعقد ہونے والی ہے۔ ہزاروں وہاں پہلے ہی پہنچ چکے ہیں۔

دھرم سبھا میں شرکت کرنے والے مذہبی پیشواؤں کے لیے ایک بڑا سٹیج بنایا گيا ہے جہاں سے وہ لوگوں سے خطاب کریں گے۔ سٹیج کے بیک گراؤنڈ میں رام مندر تحریک کے سرکردہ لیڈر اشوک سنگھل، رام چندر پرمہنس اور دوسرے رہنماؤں کی تصاویر نمایاں طور پر لگائی گئی ہیں۔

بی بی سی کے مطابق اس سے قبل شیو سینا کا کہنا ہے کہ ادھو ٹھاکرے کسی سیاسی مقصد کے لیے یہاں نہیں آ رہے۔ ان کا مقصد صرف رام مندر کی تعمیر پر زور دینا ہے۔ شہر میں جگہ جگہ شیو سینا کے پوسٹر لگائے گئے ہیں۔ ان میں بعض پوسٹروں پر ایک نعرہ لکھا ہوا ہے ‘پہلے مندر پھر حکومت’۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے