امریکہ کے ساتھ سرحدی گزرگاہ کی بندش، کینیڈین ٹرک ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی
Reading Time: < 1 minuteکورونا وائرس کی ویکسینیشن لازمی کرنے کے خلاف کینیڈا اور امریکہ کے درمیان اہم تجارتی راہداری پر مظاہرہ کرنے والے ٹرک ڈرائیوروں کو پولیس نے زبردستی ہٹانے شروع کر دیا ہے۔
خبر ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سنیچر کی کو پولیس نے احتجاج کے مقام پر پوزیشن سنبھالی جس کے بعد اکثر مظاہرین وہاں سے ہٹنا شروع ہو گئے۔
مظاہرین نے امریکہ اور کینیڈا کے درمیان مصروف ترین گزرگاہ پر رات گزاری جبکہ حکومت نے رکاوٹیں ختم کرنے کے حوالے سے نیا انتباہ بھی جاری کیا تھا۔
ان رکاوٹوں کے باعث دونوں ممالک کے درمیان اشیا کی ترسیل کا عمل بھی متاثر ہوا ہے اور دونوں طرف آٹو انڈسٹری کو اپنی پیداوار معطل کرنا پڑی۔
پولیس نے ٹویٹ کیا کہ ’ونڈسر پولیس اور اس کے شراکت داروں نے قانون پر عمل درآمد کے لیے (کارروائی) کا آغاز کردیا ہے۔‘
پولیس نے کہا کہ ’ہم تمام مظاہرین پر زور دیتے ہیں کہ وہ قانون کے مطابق اور پرامن قدم اٹھائیں۔ پیدل چلنے والوں سے بھی کہا جاتا ہے کہ احتجاج کے باعث متاثرہ علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔‘
مظاہرے میں موجود ایک شخص نے اپنی گاڑی پر ’ٹرمپ 2024‘ پینٹ کر رکھا تھا جو پولیس کے پہنچتے ہی احتجاج کے مقام سے چلا گیا۔
تاہم تین بڑے ٹرکوں اور بیس کے قریب مظاہرین کے باعث اب بھی ٹریفک رکی ہوئی ہے جنہوں نے پولیس کے پہنچنے پر کینیڈا کا قومی ترانہ گانا شروع کیا۔