نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی پر ہماری نظریں ہیں: چیف جسٹس
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ حکومت نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی میں انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کرے گی۔
جمعے کو پراسیکیوشن کے معاملے پر حکومتی اقدامات کے خلاف لیے گئے ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ شفافیت کے تحت نئے چیئرمین نیب کو تعینات کر کے اچھی طرز حکمرانی کے معیار کو برقرار رکھا جائے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ ان کی نظریں نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی پر ہیں۔ قابل احترام اور اچھی شہرت کے حامل شخص کو چیرمین نیب لگائیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ نئے چیرمین نیب کی تعیناتی کے عمل میں کسی کو غیر ضروری فائدہ نہ پہنچائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے چیرمین نیب کی تعیناتی کے عمل میں کسی بیرونی فریق کا عمل دخل نہیں ہونا چاہیے۔ ملکی تاریخ میں ماضی میں ایسا ہوتا رہا ہے۔
چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے کہا کہ آپ کو معلوم ہے ہم کس کی بات کر رہے ہیں۔
عدالت نے مقدمے کی سماعت بعد ازاں 14 جون تک ملتوی کر دی۔