مدت پوری اور الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے: حکمران اتحاد
پاکستان میں حکمران اتحاد نے فیصلہ کیا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں سربراہی اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن نے پراسرار خاموشی کی چادراوڑھی ہوئی ہے۔‘
اجلاس میں الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ آٹھ سال سے زیر التوا فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کیا جائے۔
’پی ٹی آئی نے غیر ملکی فنڈنگ چھپانے کے لیے درجنوں اکاؤنٹس بنائے اور غیر ملکی شہریوں اور کمپنیوں سے اربوں روپے اکٹھے کیے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی ساکھ کو بچانا ہمارے لیے چیلنج ہے۔
’پی ٹی آئی حکومت کے ساڑھے تین سال کا گند ایک سال میں صاف کرنا مشکل ہے۔ سیاسی جماعتوں کی رائے لے کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔‘
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’فل کورٹ کے ذریعے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے صدارتی ریفرنس دائر کیا جائے گا، اس ریفرنس کو سپریم کورٹ بھجوایا جائے۔‘
اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ فُل کورٹ نہیں بنے گا۔‘

