پاکستان ساڑھے چار سال بعد فیٹف کی گرے لسٹ سے باہر
Reading Time: < 1 minuteمنی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت پر نظر رکھنے والے بین الاقوامی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) نے پاکستان کو اپنی’گرے لسٹ‘ سے نکال دیا ہے۔
جمعے کو سنگاپور سے تعلق رکھنے والے ایف اے ٹی ایف کے نئے صدر ٹی راجا کمار نے پیرس میں ادارے کے اجلاس کے بعد ایک نیوز کانفرنس میں فیصلے کا اعلان کیا جس کے بعد پاکستان ساڑھے چار سال بعد گرے لسٹ سے نکل آیا ہے۔
’تکنیکی شرائط پر عمل کے بعد اب پاکستان منی لانڈرنگ چیلنجز سے عہدہ برا ہو سکتا ہے۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ مزید بہتری کی ضرورت نہیں، پاکستان ایشیا پیسیفک گروپ کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔‘
ایف اے ٹی ایف کے صدر کے مطابق ’پاکستان 2018 سے گرے لسٹ پر تھا۔ پاکستانی حکام نے انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت سے متعلق دو مختلف ایکشن پلانز کے 34 نکات پر عمل کیا۔‘
’ایف اے ٹی ایف اس پیش رفت کو سراہتا ہے۔ ایف اے ٹی ایف کی ٹیم نے تصدیق کی ہے کہ اصلاحات کی جا چکی ہیں اور ان پر عمل درآمد کا نظام بھی موجود ہے۔‘
ٹی راجا کمار نے مزید بتایا کہ ’پاکستان ایف اے ٹی ایف کے علاقائی پارٹنر ایشیا پیسیفک گروپ کے ساتھ مل کر معاملات مزید بہتر کرنے پر کام کرتا رہے گا۔‘
متعدد عالمی اداروں سمیت 39 ممالک کے نمائندے ایف اے ٹی ایف کی پیرس میں ہونے والی دو روزہ کانفرنس میں شریک ہوئے۔