اہم خبریں

کارساز حادثے کی ڈرائیور نشے میں تھی، نتاشا اقبال پر دوسرا مقدمہ درج

اگست 31, 2024

کارساز حادثے کی ڈرائیور نشے میں تھی، نتاشا اقبال پر دوسرا مقدمہ درج

کراچی کے علاقے کارساز میں موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی کو گاڑی سے ٹکر کچل کرہلاک کرنے والی گرفتار ملزمہ نتاشا کے حادثے کے وقت نشے کی حالت میں ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔

سنیچر کو سامنے آنے والی لیبارٹری رپورٹ کے مطابق ملزمہ نتاشا سے حاصل کیے گئے نمونوں کی جانچ کے بعد ان میں میتھ میٹافائن (آئس) کی موجودگی ثابت ہوئی ہے۔

اس لیبارٹری رپورٹ پر 27 اگست کی تاریخ درج ہے.

اس کی بنیاد پر ملزمہ کے خلاف تھانہ بہادر آباد ضلع شرقی کراچی میں امتناع منشیات کے قانون کے تحت ایک اور مقدمہ بھی درج کر دیا گیا ہے۔

قبل ازیں جمعرات کو ملزمہ نتاشا کے شوہر دانش اقبال نے سندھ ہائیکورٹ سے اپنی حفاظتی ضمانت کرا لی تھی۔

یاد رہے کہ 19 اگست کو کراچی ضلع شرقی کے علاقے کارساز روڈ پر ایک تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوئے تھے۔

واقعے کے بعد موقع پر موجود شہریوں نے باپ اور بیٹی کی ہلاکت پر احتجاج کیا تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا تھا کہ گاڑی کی ڈرائیور نتاشا نامی خاتون کے خلاف کارروائی کی جائے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے ڈرائیور ملزمہ کو گرفتار کیا تھا اور میڈیکل ٹیسٹ کے لیے خاتون کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے