لندن میں قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی کا گھیراؤ، پی ٹی آئی کارکنوں کی نعرے بازی
Reading Time: < 1 minuteسابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو برطانیہ میں سفر کے دوران گاڑی میں سر نیچے رکھنا پڑ رہا ہے۔
منگل کی رات سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی چند ویڈیوز میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے ایک عمارت سے نکلنے والی گاڑی کو گھیر رکھا ہے اور اس کے گرد نعرے لگا رہے ہیں۔
ویڈیو میں گزرنے والی گاڑی کی پچھلی نشست پر سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کو سر جھکا کر خود کو چھپانے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔
تحریک انصاف کے برطانوی کارکن شایان علی نے ویڈیو پوسٹ کر کے لکھا ہے کہ ’پاکستانیو، ہم نے قاضی فائز کو پکڑ لیا۔ عمران خان زندہ باد۔‘
سابق چیف جسٹس ان دنوں برطانیہ کے دورے پر ہیں جہاں اُن کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
سفینہ خان نامی ایک ایکس ہینڈل سے بھی قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی میں گزرنے کی ویڈیو پوسٹ کی گئی۔
شایان علی نے ایک اور ویڈیو بھی پوسٹ کر کے اس پر لکھا ہے کہ ’قاضی تیری زندگی، شرمندگی، شرمندگی۔‘
پی ٹی آئی کے کارکن قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی کے شیشے پر تھپڑ بھی مارتے دیکھے گئے جبکہ لعنت کے نعرے بھی لگاتے رہے۔
ایک بڑی عمارت کے صدر دروازے کھلنے سے گاڑی کے نکلنے تک تحریک انصاف کے کارکن ہاتھوں کو کھول کر لعنت بھیجنے کے اشارے بھی کرتے رہے۔
پی ٹی آئی کے کارکن ماضی میں بھی لندن میں عمران خان کے ناقدین اور سیاسی حریفوں کے خلاف اس طرح کا احتجاج کرتے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر متعدد افراد نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی قاضی فائز عیسٰی کی گاڑی پر مکے برسانے اور اُن کے خلاف نعرے بازی کو غیرمہذب رویہ قرار دیا ہے۔