اہم خبریں متفرق خبریں

قیدی 804 کی ٹیم کا کھلاڑی آؤٹ، جھگڑے میں ایک تماشائی ہلاک

نومبر 2, 2024 2 min

قیدی 804 کی ٹیم کا کھلاڑی آؤٹ، جھگڑے میں ایک تماشائی ہلاک

Reading Time: 2 minutes

ضلع باجوڑ میں کرکٹ میچ کے دوران جھگڑے میں ایک تماشائی ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

جمعے کو باجوڑ سپورٹس کمپلکس میں فائنل میچ کے دوران دو کرکٹ ٹیموں کے مابین جھگڑا ہوا جس میں کھلاڑیوں اور ان کے حامیوں نے ایک دوسرے پر کرسیاں پھینکیں اور ڈنڈے برسائے۔

سپورٹس کمپلیکس میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی جس کے باعث پویلین کے شیشے ٹوٹ گئے

بھگڈر اور تشدد کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

زخمیوں میں پولیس ڈی ایس پی عبدالعزیز، سہیل سالار اور کئی اہلکار بھی شامل ہیں۔

جھگڑے کے باعث میچ روک دیا گیا اور پولیس نے 6 افراد کو گرفتار کیا جبکہ مزید کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب باجوڑ سپورٹس کمپلیکس میں تھرڈ امپائر نے بی سی ایل کے فائنل میچ کے موقع پر ٹیم 804 کے کھلاڑی کو آؤٹ قرار دیا۔

کھلاڑی کو آؤٹ قرار دینے پردونوں ٹیموں کے درمیان جھگڑا ہوا اور تصادم کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت کئی افراد زخمی ہو گئے۔

زخمیوں کو فوری طور پر خار ہسپتال منتقل کیا گیا۔

مرنے والے شخص کی شناخت فضل واحد عبد الطیف عمر 50 سال سکنہ نیاگ ماموند ضلع باجوڑ کے نام سے ہوئی۔

فائنل میچ دیکھنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں تماشائی سٹیڈیم میں موجود تھے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ وقاص رفیق، اسسٹنٹ کمشنر خار ڈاکٹر صادق علی، اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی ریاض خان، ایڈیشنل اے سی فیض محمد اور دیگر اعلیٰ حکام نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ سٹیڈیم جاکر حالات کو کنٹرول کیا۔

تماشائیوں سے سٹیڈیم کو خالی کرواکر فائنل میچ کو ملتوی کیا گیا۔

حالات کو کنٹرول کرنے کے دوران ڈی ایس پی عبدالعزیز اور سہیل سالار دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ زخمی ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ وقاص رفیق
نے کہا کہ ویڈیوزکی مدد سے شرپسند عناصر کی نشاندہی کر کے مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جائے گی، کسی کو امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ڈی پی او نے کہا کہ باجوڑ سپورٹس کمپلکس واقعہ میں ملوث تمام شرپسندوں کو گرفتار کرکے سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے