سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد بلاک
Reading Time: < 1 minuteاسلام آباد ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا پر موجود تمام مذہب مخالف اور توہین آمیز مواد فوراً بلاک کرنے کا حکم دیا ہے۔ حکم ہائی کورٹ نے مقدس ہستیوں کے بارے میں توہین آمیز مواد کی سوشل میڈیا پر موجودگی کے بارے میں درخواست کی سماعت کے دوران دیا۔
عدالت نے ایسا مواد شائع کرنے والے افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں بھی شامل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے وزیرِ داخلہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا تاہم جب سماعت شروع ہوئی تو عدالت کو مطلع کیا گیا کہ ناسازی طبع کی وجہ سے چوہدری نثار پیش نہیں ہو سکتے۔ سیکریٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد پولیس اور چیئرمین پی ٹی اے عدالت میں موجود تھے۔
جسٹس شوکت صدیقی کا کہنا تھا کہ ایسا گستاخانہ مواد شائع ہونے سے مسلمانوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جا رہا ہے۔
انھوں نے سیکریٹری داخلہ کو حکم دیا کہ ایسے مواد اور اس کے ذمہ داران کی نشاندہی کے لیے ایک مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی تشکشیل دی جائے جس کے تمام شرکا آئین کے مطابق مسلمان ہونے کی شرط پر پورا اترتے ہوں۔