قبائلی فوج سے آگے
Reading Time: < 1 minuteامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے افغانستان کے حوالے سے پالیسی بیان کے بعد قبائلی علاقوں میں میں بچے کھچے افراد ایک بار پھر باہر نکل آئے ہیں، ماضی میں امریکا کے خلاف اور افغانستان کے طالبان کے حق میں مظاہرے کرنے والوں نے اس بار پاکستان کے فوج کی حمایت کا اعلان کیا ہے_
کرم ایجنسی کے شہر سدہ میں امریکی پالیسیوں کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی گئی اور بعد ازاں مظاہرہ کیا گیا، ریلی میں امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کے خلاف مشتعل مظاہرین نے امریکی پرچم نذر آتش کیا، ریلی میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی، ریلی سدہ پریس کلب سے ہوتی ہوئی ہسپتال اور دوبارہ سدہ پریس کلب پر ختم ہوئی، جہاں ریلی نے مظاہرے کی شکل اختیار کی، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ملک نیاز بادشاہ نے کہا کہ ہم امریکہ کو بتانا چاہتے ہیں کہ قبائل پاکستان اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ملک سلیم خان نے کہا قبائل محب وطن اور بے لوث ملک کے خدمت گزار ہیں، ریلی سے دیگر مشران نے بھی خطاب میں اپنے خیالات کا اظہار کیا_