مقصد پاکستان میں کرکٹ کی واپسی ہے
Reading Time: 2 minutesپاکستان میں کرکٹ کی بحالی کیلئے ورلڈ الیون کی ٹیم لاہور پہنچ گئی جہاں ٹیم کے کپتان فاف ڈپلوسیسی نے کہا ہے کہ ہمارے دورے کا مقصد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہے اور یہاں آنے پر بہت خوش ہیں۔ وہ کوچ ا ینڈی فلاور کے ہمراہ لاہور پہنچنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ جنوبی افریقہ کے فاف ڈپلوسیسی کا کہنا تھا کہ یہ پہلاموقع ہے کہ کھلاڑی صرف کرکٹ کھیلنے نہیں آئے ہیں بلکہ مقصد اس سے بھی بڑا ہے۔ ٹیم کے کپتان ڈپلوسیسی سے پوچھاگیا کہ ورلڈ الیون میں زیادہ تر کھلاڑی افریقا سے کیوں ہیں تو انہوں نے جواب دیاکہ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ جنوبی افریقی ٹیم کی اس وقت کوئی بین الاقوامی مصروفیت نہیں ہے۔ فاف ڈپلوسیسی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان آکر بہت خوش ہیں۔
کوچ اینڈی فلاور نے کہا کہ وہ ان تمام لوگوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں جن کے پیارے دہشت گردی کی نذر ہوگئے اور یہی دہشت گردی ہے جس کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ پاکستان سے دور ہوتی چلی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم متوازن ہے اور وہ پاکستانی شائقین کے سامنے اپنی بہترین کرکٹ کھیلنے کے لیے پرجوش ہے۔ اینڈی فلاور نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کے باوجود ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی نمبر ایک پوزیشن تک پہنچا اورچیمپینر ٹرافی بھی جیتی جس سے پاکستان کی اس کھیل کی شاندار روایت اور ٹیلنٹ کی عکاسی ہوتی ہے۔ آئی سی سی کے جائلز کلارک نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لاہور میں انعقاد سے ورلڈ الیون کے اس موجودہ دورے کی راہ آسان ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ الیون میں شامل کھلاڑی جب اپنے ممالک واپس جائیں گے تو یقیناً اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو ا پنے اس دورے کے تجربات سے آگاہ کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین نجم سیٹھی نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ یہ پاکستان کے لیے بہت بڑا دن ہے۔