بھارتی تخریب کاری آشکار ہے
Reading Time: < 1 minuteپاکستان نے تمام عالمی فورمز پر بھارت کا تخریبی کردار واضح کیا ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران کہا خطے میں بھارت کا کردار تخریبی ہے اور بھارت نے افغانستان میں تعمیر نو اور ترقی کے منصوبوں کی آڑ میں پاکستان میں دہشت گردی پھیلائی اور افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرتا آرہا ہے ،بھارت کشمیر میں پیلٹ گن کے استعمال اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے انکار نہیں کرسکتا، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران مسئلہ کشمیر کو پرزور انداز میں اجاگر کیا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر ڈوزیئر سیکرٹری جنرل کے حوالے کیا گیا،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کشمیری نوجوانوں، بچوں اور خواتین کو پیلٹ گن کے ذریعے نابینا کرنے کی حقیقت سے انکار نہیں کرسکتا، پاکستان کا کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام اور نیوکلئیر پروگرام جدید ترین اور محفوظ ہاتھوں میں ہے جب کہ ملک میں ایک بھی ایٹمی حادثہ نہیں ہوا، روس اور چین پاکستان کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں کر رہے ہیں جب کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں دیگر ممالک کی شمولیت پر پاکستان اور چین تفصیلات طے کر رہے ہیں۔