خودکش حملے سے تباہی
Reading Time: < 1 minuteبارہ برس بعد درگاہ کو دوبارہ نشانہ بنا لیا گیا، اس بار دہشت گردوں نے بلوچستان کے ضلع نصیر آباد کے علاقے جھل مگسی میں درگاہ پر حملہ کیا ہے، دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد جاں بحق جب کہ 8 زخمی ہو گئے۔
نجی ٹی وی چینلز کے مطابق دھماکا جھل مگسی سے چار کلومیٹر دور واقع درگاہ فتح پور میں ہوا جہاں جمعرات کی وجہ سے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ڈپٹی کمشنر اسداللہ کاکڑ نے واقعے میں 13 افراد کی موت کی تصدیق کردی ہے جبکہ اس میں 8 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکا درگاہ کے دروازے پر ہوا جبکہ اس میں زخمی ہونے والوں کو مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے،
ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔ دھماکے کے بعد مقامی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ترجمان حکومت بلوچستان انوارالحق نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خودکش حملہ آور کو روکنے کی کوشش پر پولیس اہلکار شہید ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ دھماکا خود کش تھا جس کے وقت درگاہ میں عرس کی تقریب جاری تھی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا۔ انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ عاشورہ کے دوران حملوں کے شدیدخطرات تھے۔
یاد رہے کہ یہ درگاہ کوئٹہ سے کوئی تین سو کلومیٹر دور جنوب میں واقع ہے۔
فتح پور کی اسی درگاہ پر 19مارچ 2005ء کو ایک خود کش دھماکہ ہوا جس میں 50 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔