خان اور قادری حاضر ہوں
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں آج ایک بار پھر مقدمے کی سماعت کے نام پر مذاق کیا گیا_ سرکاری ٹی وی پر حملے اور ایس ایس پی عصمت اللہ تشدد کیس کی سماعت کے بعد عدالت نے دوبارہ آئی جی پولیس اور چیف کمشنر کو حکم دیا کہ اگلی سماعت پر عمران خان اور طاہر القادری کی جائیداد کی تفصیلات جمع کرائیں_
کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے کی. اشتہاری ملزمان عمران خان اور طاہر القادری پیش نہ ہوئے. عدالتی حکم پر پولیس نے عمران خان اور طاہر القادری کی جائیدادوں کا ریکارڈ آج بھی پیش نہیں کیا. عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کی جائیداد کی تفصیلات جمع کرانے میں پولیس ناکام ہو چکی ہے. عدالت نے حکم دیا کہ آئی جی پولیس اور چیف کمشنر اگلے سماعت پر عمران خان اور طاہر القادری کی جائیداد کی تفصیلات جمع کرا دیں، انسپکٹر لیگل انیس اکبر عدالت میں پیش ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایس ایس پی عصمت اللہ ملک سے باہر ہیں اگلی پیشی پر آئیں گے. عدالت نے کیس کی سماعت 13اکتوبر تک ملتوی کر دی. انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے عدالت میں پیش ہو کر قانون کی پاسداری کی، اداروں کے ذریعے سیاست کرنیوالےقوم کےساتھ زیادتی کر رہے ہیں، دانیال عزیز نے کہا کہ پارلیمنٹ اورپی ٹی وی پرحملہ کرنیوالوں کےخلاف کارروائی ہونی چاہیے.