پاکستان پاکستان24

دوہری شہریت کی مخبری پر ایوارڈ

فروری 14, 2018 2 min

دوہری شہریت کی مخبری پر ایوارڈ

Reading Time: 2 minutes

سپریم کورٹ نے اعلی افسران کی دہری شہریت ازخود نوٹس کیس میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سے پندرہ روز میں حتمی رپورٹ طلب کی ہے۔ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ اگرحکم کی تعمیل نہ ہوئی تو ذمہ داران کے خلاف ایکشن لیں گے ۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی عدالتی بنچ نے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو نوٹس جاری کرکے رپورٹ طلب کی ہے جبکہ عدالت نے متعلقہ اداروں کے سروس ایڈمنسٹریٹرز کو نوٹس جاری کرکے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔عدالت نے وفاقی وزارتوں کے سیکرٹریوں کو بھی نوٹس جاری کرکے پوچھا ہے کہ ہمارے حکم کی تعمیل کیوں نہ ہوئی۔
پاکستان ۲۴ کے مطابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نے عدالت کو بتایا ہے کہ تمام اداروں سے عدالتی احکامات پر تفصیلات منگوائی گئیں، دو صوبوں کی رپورٹ آچکی ہے، ابھی اداروں سے مزید رپورٹس آنی ہیں، حتمی رپورٹ کے لیے وقت دیا جائے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وفاقی سروس کے چار گروپس ہیں ،جو تفصیلات نہ دیں ان کے خلاف ایکشن ہوگا، ایک ہفتے کی مہلت ہے، رپورٹ نہ آئی توذمہ داران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کریں گے، 43 وزارتوں میں سے 20 کی رپورٹ آچکی ہے ،سرکاری لوگ اپنے بچوں کو باہر سیٹل کر لیتے ہیں، یہاں گڑبڑ کرنے پر پکڑے جائیں تو باہرچلے جاتے ہیں، جس شخص نے دو وفاداری کے حلف اٹھائے ہوں گے ان کی وفاداری کس کے ساتھ ہوگی، پارلیمنٹیرین کو دہری شہریت پر نااہل کیاگیا،یہاں کے مفادات اور وہاں کے مختلف ہوسکتے ہیں، ہمارے پاس معلومات مکمل ہونی چاہئیں، اگر کسی نے دوہری شہریت چھپائی تو مخبری دینے والے کو ایوارڈ دیں گے ۔ دوہری شہریت چھپانے والوں کے خلاف ایکشن ہوگا، یہ طے کریں گے، ابھی ہم صرف دوہری شہریت کے حوالے سے معلومات لے رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ گریڈ 22 میں جانے والے افسران بھی دوہری شہریت کے حامل ہوسکتے ہیں۔ عدالت نے مقدمے کی سماعت یکم مارچ تک ملتوی کردی گئی۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے