کارکن وزیراعظم بھی بن سکتے ہیں، زرداری
Reading Time: < 1 minuteسابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی واحد سیاسی پارٹی ہے جس نے ہمیشہ کارکنوں کی قدر کی ہے۔ اگر کارکن شہید ہو سکتے ہیں تو پھر وہ وزیراعظم، وزیراعلیٰ، چیئرمین سینیٹ، وزیر اور سینیٹر کیوں نہیں بن سکتے؟ مجھے اور بلاول بھٹو زرداری کو محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے جانثار اپنی جان سے زیادہ عزیز ہیں۔
زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں پیپلز پارٹی سٹی اسلام آباد کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ پوری محنت اور لگن سے آئندہ انتخابات جیتنے کی تیاری کریں۔ پارٹی قیادت کو اپنے کارکنوں پر یقین ہے کہ وہ سیاسی میدان میں اپنے مخالفین کو شکست دینے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ باقی سیاسی پارٹیاں اندرونی انتشار کا شکار ہیں کیونکہ وہ اپنے کارکنوں کی قدر نہیں کرتیں۔کارکنوں کو بڑے عہدے نہیں دیتیں۔ وہ مصنوعی سیاسی پارٹیاں ہیں جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی واحد ایک سیاسی پارٹی ہے جس کی قیادت اور کارکنوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر جمہوریت اور آئین کا دفاع کیا ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک میں آج جو جمہوریت ہے انسانی حقوق بحال ہیں یہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور جانثاران بینظیر بھٹو کی قربانیوں کے ثمرات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکن چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کریں اور ان کی طاقت بنیں۔ مستقبل نوجوانوں کا ہے اور پیپلزپارٹی نے نوجوانوں کو نوجوان قائد دیا ہے۔