کم عمر قاتل و مقتول
راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد کے علاقے ڈھوک کالا خان میں 15/14 سال کے تین دوستوں نے تاوان کے حصول کے لیے اپنے دوست کو مبینہ طور پر قتل کر دیا ہے ۔ پولیس نے تینوں ملزموں کو گرفتار کر کے مقتول کی نعش برآمد کرا لی ہے ۔
پولیس کے مطابق تھانہ صادق آباد کی حدود میں رہائش پزیر کپڑے کے تاجر نے اپنے آٹھویں جماعت کے طالب علم ذیشان کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی جو تراویح پڑھنے گیا تھا ۔ پولیس کے مطابق اس دوران ذیشان کے گھر ملزمان نے سولہ لاکھ روپے تاوان کی پرچی پھینکی ۔ پولیس کی اطلاع دے کر ملزمان کو اس وقت گرفتار کرایا گیا جب وہ تاوان کی رقم لینے ایک سرکاری کالج کے سامنے پہنچے ۔
پولیس کے مطابق کم عم ملزمان آکاش، موسی اور نعمان نے انکشاف کیا کہ مغوی ذیشان کو قتل کر کے نعش کنویں میں پھینک دی ہے ۔ جس کے بعد کنویں سے نعش کو نکال کر لواحقین کے حوالے کیا گیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان میں سے موسی مقتول ذیشان کے ہی اسکول میں زیر تعلیم تھا لیکن دوسرے سیکشن میں تھا ۔