نعش کے بدلے دو قیدی رہا
Reading Time: < 1 minuteاسرائیل نے اپنے ایک فوجی کی نعش واپس ملنے پر شام کے دو قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق اتوار کو اسرائیل نے خیر سگالی کے جذبے کا اظہار کرتے ہوئے شام کے دو قیدیوں کو رہا کیا ہے ۔
یہ فیصلہ شام کی جانب سے اپریل کے اوائل میں اسرائیل کے ایک فوجی کی باقیات واپس کرنے کے بعد کیا گیا ۔
اسرائیلی فوج کے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق دونوں قیدیوں کو اسرائیل کے زیرقبضہ گولان کی پہاڑیوں کے راستے ریڈ کراس کے ذریعے شام کے حوالے کیا گیا ۔
شام کی سرکاری نیوز ایجنسی صنعا نے دونوں قیدیوں کی وطن واپس پہنچنے پر ایک تصویر جاری کی ہے جس میں خامس احمد فتح کا نشان بنائے ہوئے ہیں ۔
اسرائیل کی پریژن سروس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ قیدیوں کے نام زیدان تاول اور خامس احمد ہیں ۔
زیدان پر منشیات سمگلنگ کاالزام تھا اور ان کی سزا جولائی میں پوری ہو رہی تھی جبکہ خامس احمد کو سنہ 2005 میں اسرائیل کے فوجی اڈے پر حملے کے الزام میں سزا سنائی گئی تھی جو سنہ 2023 میں پوری ہونا تھا ۔
بتایا جاتا ہے کہ خامس فلسطین کی فتح تنظیم کے رکن ہیں جو شام کے یرموک پناہ گزین کیمپ میں رہتے تھے ۔