چین راضی، مسعود اظہر عالمی دہشت گرد قرار
Reading Time: 2 minutesچین کی جانب سے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل میں رضامندی کے بعد پاکستانی شہری مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا گیا ہے ۔
اس کی تصدیق سب سے پہلے اقوام متحدہ میں انڈیا کے سفیر سید اکبرالدین نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی جہاں انہوں نے لکھا کہ ’بڑوں، چھوٹوں سب نے اتفاق کر لیا۔ اقوام متحدہ نے مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا۔ تعاون کے لیے سب کا مشکور ہوں۔‘
پاکستان کی حکومت نے بھی تصدیق کی ہے کہ چین کی جانب سے رکاوٹ ہٹائے جانے کے بعد مسعود اظہر کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا گیا ہے ۔
اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی کمیٹی پر سیاست کی مخالفت کرتا ہے۔
اقوام متحدہ کی کمیٹی اجلاس پر پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نےہمیشہ کمیٹی کے تمام تکنیکی معاملات کااحترام کیا اور پابندی کے حوالے سے کمیٹی کے سیاسی استعمال کی مخالفت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت، مسعود اظہر کو پابندیوں کی فہرست میں شامل ہونےکو اپنی فتح قرار دے رہا ہے جس کے لیے بھارت نے 5 بار پہلے بھی کوشش کی تھی۔
اقوام متحدہ میں مولانا مسعود اظہر کے حوالے سے ہونے والے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے مسعوداظہر کےخلاف پلوامہ اور کشمیر سےمتعلق اپنا موقف تبدیل کیا ہے اور اب بھارت نے کشمیر سے متعلق الزام واپس لیا ہے، یہ فیصلہ چین کے ساتھ مشاورت کےبعد ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب مسعوداظہر کے اثاثے منجمد، سفری پابندی، اسلحے کی خریدوفروخت پرپابندی ہوگی، پاکستان ان پابندیوں پر فوری طور پر عمل درآمد کرے گا۔
اس سے قبل چین نے متعدد بار مسعود اظہر کے خلاف قرارداد رکوائی ۔ مارچ کی 13 تاریخ کو آخری بار چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کالعدم جیش محمد کے سربراہ کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کے لیے پیش کی گئی قرارداد رکوائی تھی ۔