گیل، لارا سے آگے نکل گیا
Reading Time: 2 minutesویسٹ انڈیز کے تاریخ ساز بلے باز برائن لارا کا ایک روزہ کرکٹ کھیلنے کا ریکارڈ ناچتے، گاتے اور چھکے لگاتے، چھکے چھڑاتے کرس گیل نے انڈیا کے خلاف پورٹ آف سپین میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں توڑ دیا۔
دوسرے ایک روزہ میچ میں انڈیا کے خلاف ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا جو میچ کے نتیجے کے اعتبار سے غلط رہا۔
جس وقت کرس گیل بلے بازی کرنے کے لیے اترے اور شروع کی گیند کھیلی تو تماشائیوں میں کچھ زیادہ جوش نظر نہ آیا۔ انڈین کپتان ویراٹ کوہلی نے دونوں بازو اوپر کر کے ہلائے اور تماشائیوں کو الرٹ کر دیا۔ جس کے بعد انڈیا کے تمام فیلڈرز نے تالیاں بجائیں اور مداحوں کے شور سے سٹیڈیم گونج اٹھا۔
اس طرح ون ڈے کے سپر سٹار چھکے باز بیٹسمین نے 300 ایک روزہ میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرنے کا جشن منایا۔
اس کے بعد جب کرس گیل نے چوتھی گیند کو ایکسٹرا کور پر کھیلا تو انہوں نے برائن لارا کا ایک اور ریکارڈ توڑ ڈالا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے 10 ہزار 405 رنز سکور کرنے کا۔
کرس گیل اس اننگز میں ناکام رہے اور 24 گیندیں کھیل کر صرف 11 بنا پائے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی دوسرا ون ڈے 69 رنز سے ہار گئی مگر شائقین گیل کو دیکھنے آتے ہیں اور ہر میچ جیتنے سے زیادہ کرکٹ سے لطف اٹھاتے ہیں۔
برائن لارا نے 299 ون ڈے میچز کھیلے تھے جبکہ کرس گیل نے 300 میچز کھیل کر ان سے تین رنز زیادہ بنا لیے ہیں۔
لارا نے 19 سنچریاں سکور کی تھیں جبکہ گیل نے 25 مرتبہ سو کا ہندسہ عبور کیا ہے۔
میچ کے اختتام پر انڈین ٹیم کے کھلاڑیوں نے کہا کہ انہوں نے اس میچ میں گیل کو رنز بنانے سے روکنے کا منصوبہ بنایا تھا اور وہ اس میں کامیاب رہے۔