پاکستان کرکٹ کا کوہستانی بولر
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ہزارہ ریجن میں ضلع کوہستان اپنے باسیوں کی مختلف عادات و اطوار کے ساتھ خوبصورت اور خطرناک پہاڑی راستوں کے لیے مشہور ہے مگر مستقبل میں کرکٹ بھی اس کا ایک حوالہ ہوگا۔
آسٹریلیا کے دورے کے لیے منتخب کی گئی کرکٹ ٹیم میں شامل نوجوان فاسٹ بولر محمد موسٰی کا تعلق ضلع کوہستان سے ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ ان کا جنم راولپنڈی میں ہوا، اور وہیں ایک کلب کی جانب سے کرکٹ کھیلنا شروع کی۔
محمد موسیٰ کرکٹ ٹیم کے موجودہ چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی کپتانی میں بھی سوئی نادرن گیس کی طرف سے واپڈا کے خلاف کھیل چکے ہیں۔
انہوں نے اپنے پہلے فرسٹ کلاس میچ کی پہلی اننگز میں تین اور دوسری اننگز میں ایک وکٹ حاصل کی تھی اور اب تک صرف سات فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہیں۔
19 سالہ محمد موسٰی نے گذشتہ برس نیوزی لینڈ میں ہونے والے انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی اور کل سات وکٹوں کے ساتھ شاہین آفریدی کے بعد دوسرے نمبر پر آئے تھے۔
محمد موسٰی نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کریئر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے پشاور زلمی کے خلاف شارجہ میں کامران اکمل، ڈیوڈ ملان اور ڈیرن سیمی کو آؤٹ کر کے مین آف دی میچ کا ایوارڈ لیا تھا۔