پاکستان

پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 53

مارچ 15, 2020 2 min

پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 53

Reading Time: 2 minutes

پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں کورونا کے 13 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ تمام افراد ایران سے زیارات کے بعد واپس پہنچے ہیں۔ اتوار کو کراچی میں بھی شخص میں وائرس پایا گیا ہے جو بلوچستان سے آیا ہے۔

ادھر پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کورونا کے پہلے مریض کی تصدیق ہوئی ہے۔

پنجاب کے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 54 سالہ مریض 10 مارچ کو برطانیہ سے لاہور پہنچا تھا۔ مریض میو ہسپتال میں زیرعلاج ہے اور اس کے ساتھ رابطے میں آنے والے تمام افراد کا ٹیسٹ کیا گیا جو منفی آیا۔

دوسری جانب وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق تفتان سے سکھر آنے والے 13 زائرین میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

اتوار کو جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ متاثرہ تمام افراد ایران سے براستہ تفتان پاکستان آئے تھے جنہیں 14 دن قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 293 زائرین کو سکھر لایا گیا جن میں سے 40 افراد کے نمونے لیے گئے جن میں سے 13 افراد کا رزلٹ مثبت آیا ہے۔

اتوار کو کرونا وائرس کے نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد سندھ میں متاثرہ افراد کی تعداد 35 ہوگئی ہے جس میں سے دو کو صحتیاب ہونے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا۔

پاکستان میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں رابطوں کا فقدان سامنے آ رہا ہے جبکہ ناقص حکمت عملی کے باعث کرونا متاثرین کی اصل معلومات تک میڈیا کی رسائی نہیں ہو پائی۔

اتوار کو وزارت صحت سندھ کی جانب سے کورونا کے نئے کیسز کی تصدیق کی گئی تاہم ترجمان وفاقی وزارت صحت نے اپنی لاعلمی کا اظہار کیا۔

وفاقی سطح پر کیسز کی تعداد واضح نہ ہونے سے عوام میں کرونا سے متعلق پریشانی بڑھ رہی ہے۔ پاکستان میں اب تک کل 53 کورونا کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔

https://twitter.com/SindhHealthDpt/status/1239143947798302722?s=19

ملک بھر سے کورونا وائرس کے شبے میں تقریبا 700 تشخیصی نمونے حاصل کیے گئے جبکہ کورونا سے متاثرہ سب سے زیادہ 34 کیسز سندھ میں رپورٹ ہوئے۔

بلوچستان میں 10 اور اسلام آباد میں پانچ کیسز رپورٹ ہوئے۔ وفاق کے زیرانتظام گلگت بلتستان میں کورونا کے پانچ کیسز سامنے آئے۔

حکام کے مطابق کورونا کے علاج سے مکمل صحتیاب ہونے والے تین افراد کا تعلق بھی سندھ سے ہے۔ کورونا وائرس سے متاثرہ دو مریض پمز میں تشویشناک حالت میں وینٹی لیٹر پر ہیں۔

ملک بھر سے اسپتالوں میں پہنچنے والے مشتبہ افراد کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے