انڈین انٹیلی جنس نے سائبر حملے کیے: پاکستانی فوج
پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ انڈین انٹیلی جنس کی جانب سے پاکستان کے سکیورٹی اور حکومتی اداروں سے منسلک افراد کی معلومات ہیک کر کے دھوکہ دینے کی کوشش کی گئی ہے جس کی نشاندہی ملکی انٹیلی جنس ایجنسی نے کی۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق انٹیلی جنس کے محکمے نے انڈین سائبر حملوں کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے تمام حکومتی اداروں کو ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری اداروں کو سائبر سیکیورٹی بڑھانے اور ممکنہ حملوں کی نشاندہی کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
بدھ کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق حساس اداروں نے انڈین انٹیلی جنس ایجنسی کی جانب سے بڑے سائبر حملوں کی نشاندہی کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈین انٹیلی جنس نے سائبر حملوں کے تحت پاکستانی سول اور عسکری عہدیداروں کے ذاتی موبائل اور تکنیکی آلات ہیک کرنے کی کوشش کی ہے۔