صبا قمر اور بلال سعید کے خلاف توہین مذہب کا مقدمہ درج
پاکستان میں اداکارہ صبا قمر اور ان کے ساتھی اداکار بلال سعید کے خلاف مذہب کی توہین کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
دونوں اداکاروں نے لاہور کی مسجد وزیر خان میں ایک ویڈیو شوٹ کی تھی جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے خلاف مہم شروع ہوئی۔
لاہور کے تھانہ اکبری گیٹ میں مقدمے کے اندراج کی درخواست ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے ایک وکیل نے دی تھی۔
13 اگست کو دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ وقوعہ آٹھ اگست کو لاہور کی تاریخی مسجد وزیر خان میں پیش آیا جس سے مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے۔
درخواست میں مسجد کی انتظامیہ اور محکمہ اوقاف کے افسران کے خلاف بھی کارروائی کے لیے کہا گیا ہے۔
پولیس نے تعزیرات پاکستان کی دفعہ 295 کے تحت توہین مذہب کا مقدمہ درج کیا ہے۔