پاکستانی خزانے میں پونے تین ارب ڈالر کا اضافہ
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہو رہے ہیں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے جولائی کے مہینے میں پونے تین ارب ڈالر کی رقم بھجوائی ہے۔
سنیچر کو ایک ٹویٹ میں عمران خان نے لکھا کہ ملکی معیشت کے لیے مزید اچھی خبریں ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ جولائی کے مہینے میں پاکستان کی تاریخ میں اب تک کا سب سے زیادہ زرمبادلہ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے موصول ہوا جو دو ہزار 768 ملین ڈالر ہے۔
ان کے مطابق یہ جولائی 2019 کے مقابلے میں 36 فیصد جبکہ جون 2020 کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی معیشت گزشتہ دو برس سے شدید مشکلات کا شکار ہے اور مہنگائی اور بیروزگاری کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان کے مرکزی بینک میں پارک کیے گئے دو ارب ڈالرز کی رقم سعودی حکومت نے واپس لے لی ہے جبکہ کورونا کے باعث ملکی برآمدات نہ ہونے کے برابر ہیں۔