تاریخ میں سب سے بڑا جنازہ کس کا تھا؟
Reading Time: 2 minutesپاکستان میں بریلوی مسلک کی تنظیم تحریک لبیک کے بانی خادم حسین رضوی کے لاہور کے مینار پاکستان پارک میں ادا کیے گئے جنازے میں ہزاروں افراد کی شرکت نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔
جمعرات کو انتقال اور سنیچر کو دفنائے گئے خادم رضوی کے جنازے کے بعد ہزاروں صارفین مرنے والے مذہبی رہنما کے نظریات کے ساتھ ان کے سفرِ آخرت کے وقت معتقدین کی تعداد کے بارے میں بھی گفتگو کر رہے ہیں۔
بہت سے شہریوں اور تجزیہ کاروں نے خادم رضوی کے جنازے کے اجتماع کو پاکستان کی حالیہ تاریخ میں فقید المثال اور غیر معمولی قرار دیا ہے جبکہ ہزاروں ایسے بھی ہیں جنہوں نے اس کے جواب میں انڈیا کے شدت پسند ہندو رہنما بال ٹھاکرے کے جنازے کی ویڈیوز شیئر کر کے اس کا جواب دیا ہے۔

اس بحث میں پاکستان کی سیاسی تاریخ کے مقبول عوامی رہنما ذوالفقار علی بھٹو کے جنازے کی تصاویر بھی شیئر کی گئیں جن کے جنازے میں ڈکٹیٹر ضیا الحق نے صرف چند ہی لوگوں کو شرکت کی اجازت دی تھی۔
معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے جنازے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کر کے جواب دیا جا رہا ہے تاہم اس بات پر زیادہ افراد متفق نہیں ہو سکے کہ دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا جنازہ کس کا تھا۔
ایرانیوں کے مذہبی پیشوا آیت اللہ خمینی کے جنازے کو بعض اہل تشیع صارفین نے بڑا اجتماع قرار دیا جبکہ سینکڑوں سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے مائیکل جیکسن کے جنازے میں لاکھوں افراد کی شرکت دکھائی گئی۔
بعض صارفین نے یوٹیوب ویڈیوز پوسٹ کر کے لکھا کہ عرب دنیا کی معروف گلوگارہ ام کلثوم کے جنازے میں مصر کے 30 لاکھ شہریوں نے شرکت کی۔
انٹرنیٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق انڈیا کی ریاست تامل ناڈو کے سابق وزیراعلیٰ کنجیوارام نتاراجن انادورے کی آخری رسومات میں سب سے زیادہ افراد شریک ہوئے۔

مفکر اور دانشور وزیراعلیٰ کے طور پر شہرت پانے والے انادورے کا انتقال 1969 میں ہوا اور ان کو الوداع کہنے ایک کروڑ 50 لاکھ لوگ گھروں سے نکلے۔
حالیہ تاریخ میں پاپ جان پال کے 2005 کے جنازے کی ویڈیوز بھی دستیاب ہیں جس میں 40 لاکھ افراد نے شرکت کی۔