پاکستانیوں کو لگائی جانے والی چینی ویکسین کی عالمی منظوری
Reading Time: < 1 minuteعالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے چین کی دوسری کورونا ویکسین ’سائنوویک‘ کے ایمرجنسی استعمال کی بھی منظوری دے دی ہے۔
ٰیہ ویکسین پہلے ہی پاکستان میں بڑے پیمانے پر شہریوں کو لگائی جا رہی ہے اور رواں ماہ اس کی مزید دس لاکھ خوراکیں ملک میں آئیں گی.
سائنو فارم کے بعد یہ چین کی تیار کردہ دوسری ویکسین ہے جس کے استعمال کی ڈبلیو ایچ او نے منظوری دی۔
عالمی صحت کے اقوام متحدہ کی ایجنسی نے ایک بیان میں کہا کہ ‘ڈبلیو ایچ او نے آج سائنوویک کورونا ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کو منظور کیا ہے۔ ویکسین خریدنے والے ملکوں، اس کے لیے فنڈنگ کرنے والوں، خریداری کرنے والی ایجنسیوں اور کمیونٹیز کو یقین دلایا جاتا ہے کہ سائنوویک تیاری، افادیت اور محفوظ ہونے کے عالمی معیار پر پورا اترتی ہے۔‘
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ عالمی ادارہ صحت نے چین کی پہلی کورونا ویکسین ’سائنوفارم‘ کے استعمال کی منظوری دی تھی۔
دنیا میں اب تک چار کورونا ویکسین استعمال کی جا رہی ہیں۔
ڈبلیو ایچ او نے قبل ازیں فائزر و بائیوٹیک کی کورونا ویکسین کے علاوہ موڈرنا، جانسن اینڈ جانسن اور اسٹرا زینیکا کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دی تھی۔
اسٹرازینیکا انڈیا، جنوبی کوریا اور یورپی یونین کے ملکوں میں الگ الگ تیار کی جاتی ہے اور عالمی ادارہ اس کو تین مختلف ویکسین شمار کرتا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منظوری اور محفوظ ویکسین میں شمار کیے جانے کے بعد دنیا بھر میں اس ویکسین کی خریداری کے لیے ممالک رابطے کرتے ہیں تاکہ اپنے شہریوں کو وبا سے محفوظ رکھ سکیں۔
پاکستان میں حکام کے مطابق جون میں ویکسین کی پچاس لاکھ خوراکیں پہنچ رہی ہیں جن میں چین کی سائنوویک بھی شامل ہے۔