اہم خبریں پاکستان24 متفرق خبریں

ایئر چیف کے لیے ریڈ کارپٹ دیہاتیوں نے بچھایا: پاک فضائیہ

جون 14, 2021

ایئر چیف کے لیے ریڈ کارپٹ دیہاتیوں نے بچھایا: پاک فضائیہ

پاکستان کی ایئر فورس نے ایک بیان میں سوشل میڈیا پر وائرل اپنے سربراہ ایئر مارشل ظہیر احمد بابر کے ان کے گاؤں میں سرخ قالین پر استقبال کی وضاحت جاری کی ہے۔

ایئر فورس نے کہا ہے کہ فضائیہ کے سربراہ ایک آپریشنل دورے پر تھے اور وہ موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے راستے میں پڑنے والے اپنے آبائی گاؤں بھی گئے۔

فضائیہ کے مطابق ایئر چیف نے وہاں اپنے والدین کی قبروں پر فاتحہ پڑھی اور یہ پہلے سے طے شدہ تھا جو اُن کی سرکاری مصروفیات کی وجہ سے تین ماہ تک ملتوی ہوا جب سے انہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔

جاری کیے گئے بیان کے مطابق دورے کے موقع پر کیے جانے والے سکیورٹی انتظامات موجودہ حالات میں ایئر چیف کے لیے طے کردہ پروٹوکول کے مطابق تھے۔


ایئر فورس کے مطابق تاہم اس موقع پر سرخ قالین اُن کے گاؤں کے دیہاتیوں (مقامی لوگوں) نے بچھایا جو ایک مقامی شخص کے اس عہدے تک پہنچنے کی وجہ سے اُن احترام اور فخر کے احساس کا مظہر تھا۔

ایئرفورس کے وضاحتی بیان سے کئی شہری مطمئن نہیں ہیں اور ایمان مزاری نے لکھا ہے کہ ایئر چیف نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا، ویڈیو بنانے سے روکا جا رہا ہے اور اب وضاحت بھی سراسر ناکافی ہے.

خیال رہے کہ گجرات کے ایک گاؤں میں گزشتہ ہفتے ایئر چیف کے ہیلی کاپٹر کی کھیتوں میں لینڈنگ اور سرخ قالین پر استقبال اور پروٹوکول کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل تھیں اور صارفین بھانت بھانت کے تبصرے کر رہے تھے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے