افغانستان کے مستقبل پر پاکستان سے تعلقات کا جائزہ لیں گے: امریکہ
Reading Time: < 1 minuteامریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ یہ طے کرنے کے لیے کہ واشنگٹن افغانستان کے مستقبل میں کیا کردار ادا کرنا چاہتا ہے، امریکہ آنے والے ہفتوں میں پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات پر غور کرے گا۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق پیر کو امریکی کانگریس میں افغانستان کے بارے میں پہلی عوامی سماعت میں بلنکن نے ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کی کمیٹی کو بتایا کہ پڑوسی ملک میں پاکستان کے ’بہت زیادہ مفادات ہیں جن میں سے کچھ ہمارے مفادات سے متصادم ہیں۔‘
پاکستان کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بلنکن نے بتایا کہ ’یہ وہ ملک ہے جو افغانستان کے مستقبل کے بارے میں مسلسل اپنے داؤ بدلنے میں ملوث رہا، یہ وہ ملک ہے جو طالبان کے ارکان کو پناہ دینے میں ملوث رہا، یہ وہ ملک ہے جو ہمارے ساتھ انسداد دہشت گردی کے مخلتف نکات پر تعاون کرتا رہا۔‘
امریکی قانون سازوں نے وزیر خارجہ سے پوچھا کہ کیا اب وقت آ گیا ہے کہ واشنگٹن پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کا ازسرنو جائزہ لے، انٹونی بلنکن نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ جلد ہی ایسا کر رہی ہے۔
امریکہ کا افغانستان سے انخلا اور اس کا اختتام عجلت میں ہوا جس نے ہزاروں امریکی اتحادی افغانوں کو پیچھے چھوڑ دیا اور کابل کے ہوائی اڈے کے باہر ایک خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں 13 امریکی فوجی اور سینکڑوں افغان ہلاک ہو گئے تھے۔