پاکستان سمیت آٹھ ممالک سفری پابندیوں کی برطانوی ریڈ لسٹ سے نکل گئے
Reading Time: < 1 minuteبرطانیہ نے پاکستان اور ترکی سمیت آٹھ ممالک کو عالمی وبا کورونا کے باعث سفری پابندیوں کی ریڈلسٹ سے نکال دیا ہے۔
برطانیہ نے جمعے کو اپنی ٹریول لسٹ اپ ڈیٹ کی ہے جس کے بعد پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’مجھے تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے علم ہے کہ پچھلے پانچ ماہ کتنے مشکل تھا بہت سارے لوگوں کے لیے جو پاکستان اور برطانوی کے درمیان قربت پر انحصار کرتے ہیں۔‘
انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ آپسی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
برطانوی ٹرانسپورٹ سکریٹری گرانٹ شیپس نے کہا کہ ’22 ستمبر کو شام چار بجے سے پاکستان، ترکی اور مالدیپ سمیت 8 ممالک اور خطوں کو ریڈ لسٹ سے نکالا جا رہا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مسافروں کو سہولت کی فراہمی کے لیے سفر کرنے والوں کے لیے ٹیسٹنگ کے عمل کو آسان بنایا جائے گا۔‘