ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر پر تعطل جاری، وزیراعظم خوش
پاکستان میں فوج کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے سربراہ کی تعیناتی پر تعطل جاری ہے اور اس دوران وزیراعظم عمران خان اس بارے میں پوچھے گئے سوال پر ہنستے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔
جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل حکمران اتحاد کے پارلیمانی اجلاس کی صدارت کے لیے وزیراعظم عمران خان پارلیمنٹ ہاوس میں کی۔
وزیراعظم سے صحافیوں نے پوچھا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کا تقرر کب ہوگا؟ تاہم عمران خان قہقہہ لگاتے ہوئے کمیٹی روم میں چلے گئے۔
اجلاس کے بعد وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے بتایا کہ سول ملٹری تعلقات ٹھیک ہیں۔ حکومت اور آرمی کی بہت اچھی انڈرسٹینڈنگ ہے۔ ’ہم سیاسی طور پر سوچتے ہیں اور ان کا اپنا طریق کار ہے۔‘
جب ان سے پوچھا گیا اگر سب اچھا ہے تو پھر وزیراعظم نے کس کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا ہے؟ اس پر وزیر داخلہ نے کہا ’وہ وزیراعظم جا رہے ہیں ان سے پوچھ لیں۔‘
ایک صحافی نے پوچھا کہ یہ تعیناتی اتنی متنازع کیوں بنائی جا رہی ہے تو شیخ رشید نے جواب دیا کہ ’وزیراعظم سیاسی سطح پر سوچ رہے تھے ان کے کچھ سیاسی نظریات تھے دوسری طرف اصولی مسئلے تھے کہ آرمی کا طریق کار کیا ہے۔‘