پاکستان

بارش اور برفباری جاری، سیاحوں کو احتیاط کی ہدایت اور انتباہ

جنوری 4, 2022 2 min

بارش اور برفباری جاری، سیاحوں کو احتیاط کی ہدایت اور انتباہ

Reading Time: 2 minutes

پاکستان میں موسم سرما کی بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا اور منگل کو مری، گلیات، ناران، چترال، دیر، ملاکنڈ اور ملک کے شمالی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری بھی ہوئی۔

مری میں دو انچ برفباری کے بعد موسم انتہائی سرد رہا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت گلگت بلتستان کے علاقے گوپس میں منفی سات اور سکردو میں منفی پانچ ریکارڈ کیا گیا۔


محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں تیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں مطلع ابرآلود اور موسم سرد رہے گا۔

دیر، ملاکنڈ، مری اور گلیات کے ساتھ ناران، بابوسر ٹاپ پر برفباری بدھ تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد کی ہوا میں نمی کا تناسب 87 فیصد اور کم سے کم درجہ حرارت چھ ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ علاقے میں دو انچ برف پڑ چکی ہے اور سڑکوں کو صاف کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق سیاح سڑک پر سفر کے دوران گاڑیوں کے ٹائرز کے گرد چین باندھیں۔ ’ایبٹ آباد مری روڈ کو برفباری رکتے ہیں ٹریفک کے لیے بحال کر دیا جائے گا۔‘
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں پیر کی شام سے وقفے وقفے سے بارش برس رہی ہے اور اگلے 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی توقع ہے۔

کراچی میں سرد موسم کے باعث بعض مقامات پر اولے پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی ہے۔ سب سے زیادہ بارش پسنی میں 70 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ گوادر57، اوڑمارا 27، تربت اور جیوانی میں 24 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پوٹھوہار ریجن، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، لاہور، منڈی بہاولدین، میانوالی اور سرگودھا میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ بعض میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند چھائی رہے گی۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے