پاکستان

اسلام آباد میں کورونا بے قابو، 15 ججز متاثر، سکولوں میں نصف حاضری کا فیصلہ

جنوری 21, 2022 2 min

اسلام آباد میں کورونا بے قابو، 15 ججز متاثر، سکولوں میں نصف حاضری کا فیصلہ

Reading Time: 2 minutes

پاکستان میں کورونا کے ایک دن میں سات ہزار 600 سے زیادہ مثبت کیسز سامنے آئے ہیں اور حکام نے اسلام آباد، کراچی اور حیدر آباد میں ریستوران کے اندر کھانے پینے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات تجویز کرنے والے نیشنل کمانڈ اینڈ اپریشن سینٹر نے جمعے کو بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 59 ہزار سے زائد ٹیسٹ کرائے گئے جن میں سے سات ہزار 678 مثبت آئے۔

ملک میں مثبت کیسز کی شرح 13 فیصد ہو گئی ہے۔

اسلام آباد میں‌کورونا کے پھیلاؤ نے ضلعی عدالتوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے جہاں درجنوں ملازمین کے علاوہ 15 ججز کے ٹیسٹ بھی مثبت آئے ہیں. اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق جہانگیری بھی کورونا کے باعث قرنطینہ میں ہیں.

پیر سے اسلام آباد کے سکولوں میں نصف حاضری کے ساتھ تعلیمی سلسلہ جاری رکھا جائے گا. اس حوالے سے والدین کو آگاہ کر دیا گیا ہے.

پاکستان میں گزشتہ برس 13 جون کو چھ ہزار 825 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے چھ ماہ بعد وائرس کے پھیلاؤ میں یہ اضافہ جمعرات کو ریکارڈ کیا گیا۔
ملک میں ویکسینیشن کی مہم بھی جاری ہے اور اب سکولوں کے طلبہ کے لیے بھی ویکسین لگائے بغیر تعلیمی اداروں میں داخلہ بند کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان میں کورونا کا شکار ہونے والے 23 افراد کی موت واقع ہوئی جبکہ اس وقت 961 مریض انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل ہیں۔
رواں ہفتے کورونا مثبت کیسز کی دس فیصد شرح تک پہنچنے والے شہروں میں این سی او سی کی ہدایت کی روشنی میں مختلف عارضی پابندیوں کا نفاذ کیا گیا۔

وبا کے پھیلاؤ کی صورتحال کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ساتھ حیدرآباد میں اِن ڈور ڈائننگ پر پابندی لگائی جا چکی ہے۔

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد اور محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامون کے مطابق ان ڈور ڈائننگ پر 21 جنوری سے مکمل پابندی ہے اور اس حوالے سے اگلا فیصلہ وبائی صورتحال کو دیکھ کر کیا جائے گا۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے