انڈیا کو تینوں ون ڈے میں شکست، جنوبی افریقہ کا کلین سویپ
Reading Time: < 1 minuteکیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ نے انڈیا کو چار رنز سے شکست دے کر سیریز میں کلین سویپ کر لیا ہے۔
انڈیا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ دینے کا فیصلہ کیا جو اس کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا۔ جنوبی افریقہ نے انڈین ٹیم کو 288 رنز کا ٹارگٹ دیا جسے وہ پورا کرنے میں ناکام رہی اور آخری اوور میں پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔
وراٹ کوہلی اور شیکھر دھون اور میچ کے آخری اوورز میں دیپک چاہر کی نصف سینچریوں کے باوجود انڈین ٹیم کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکی۔
انڈیا کو آخری اوور میں چھ رنز کی ضرورت تھی اور اس کے پاس آخری وکٹ تھی، لیکن پریٹوریس نے یوزویندرا چاہل کو دوسری گیند پر ڈھیر کر دیا۔
جنوبی افریقہ کے اینڈیئل اور لنگی نگیڈی نے تین، تین اور سساندا مگالا، دوین پریٹوریس اور کیشو مہاراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقہ کے سابق کپتان ڈی کوک نے 130 گیندوں پر 128 رنز کی شاندار سینچری بنا کر رن ریٹ کو مضبوط کیا، جبکہ انڈیا کی جانب سے وراٹ کوہلی نے سب سے زیادہ 65 رنز سکور کیے۔
اننگز کے آغاز میں جنوبی افریقہ کے بیٹرز کےلیے چیلنجز سامنے آئے اور 70 رنز پر تین کھلاڑی ڈھیر ہو گئے۔ اس کے بعد ڈی کوک اور ریسی وان ڈیوسن کی شراکت میں 144 رنز بنے۔
انڈین بولرز گیند کو باؤنس اور ٹرن کر رہے تھے، لیکن ڈی کوک پوری فام میں تھے اور انہوں نے کیچ آؤٹ ہونے پہلے 12 چوکے اور دو چھکے لگائے۔
انڈیا کے پراسد کرشنا نے تین جبکہ جیسپریت بمرہ اور دیپک چاہر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے اس سے قبل انڈیا کو ٹیسٹ سیزیز میں بھی 1-2 سے شکست ہوئی تھی۔