گوگل کا اینڈارئیڈ سافٹ ویئر صارفین کی نگرانی کم کرنے کا اعلان
Reading Time: < 1 minuteبین الاقوامی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اعلان کیا ہے کہ موبائل فون کے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم پر اشتہارات چلانے کے لیے صارفین کی سرگرمیوں کے ٹریکنگ کے عمل کو محدود کیا جائے گا۔
گوگل نے صارفین کی پرائیویسی سے جڑے اس حساس معاملے کے متعلق یہ اعلان بدھ کو کیا ہے جبکہ اس کا کاروباری حریف ایپل پہلے ہی صارفین کی پرائیویسی کے مسئلے کی جانب متوجہ ہو چکا ہے۔
بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر پرائیویسی اور اشتہارات کے اہداف کے حصول کے درمیان توازن پیدا کرنے کے لیے دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ایک جانب صارفین ان کمپنیوں کے خلاف شکایات کرتے ہیں تو دوسری جانب نگرانی کرنے والے ادارے قوانین کو مزید سخت کرنے کا انتباہ جاری کرتے ہیں۔
اپیل امریکہ کی سمارٹ فونز مارکیٹ میں 50 فیصد جبکہ گوگل کا اینڈرائیڈ سافٹ ویئر پوری دنیا کے لگ بھگ 85 فیصد سمارٹ فونز میں چلتا ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ اینڈرائیڈ میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کروڑوں صارفین کو کسی نہ کسی شکل میں متاثر کر سکتی ہے۔
اس وقت صورت حال یہ ہے کہ انٹرنیٹ سرچ انجن اینڈرائیڈ سافٹ ویئر کی حامل ڈیوائسز کو ایک خاص شناخت دیتے ہیں جس کی وجہ سے اشتہارات چلانے والوں کو لوگوں کے آن لائن رجحانات کا اندازہ ہوتا ہے اور پھر وہ انہیں ان کی دلچسپی کے مطابق اشتہارات دکھاتے ہیں۔