’ سنہرے دور کی بڑی سکرین پر واپسی‘، ایشوریہ کی فلم ’پونین سیلوان‘
Reading Time: < 1 minuteامیتابھ بچن کی بہو اور بالی وڈ اداکارہ ایشوریہ رائے کی نئی فلم ’پونین سیلوان‘ سے فلم انڈسٹری نے امیدیں وابستہ کر لی ہیں.
فلم کا پوسٹر سوشل میڈیا کی زینت بنا تو ان مداحوں نے کئی سال بعد فلموں میں واپسی پر خوشی کا اظہار کیا۔ پوسٹر میں شامل کی گئی تصویر میں اداکارہ نے لال اور سنہرے رنگ کی ساڑھی زیب تن کر رکھی ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق اس فلم میں ایشوریا رائے بچن کے علاوہ دیگر ستارے بھی نظر آئیں گے جن میں وکرم کراٹھی، تریشا کرشنن، پرکاش راج اور جیا رام شامل ہیں۔
فلم کا پوسٹر شئیر کرتے ہوئے اداکارہ نے لکھا ’ سنہرا دور 30ستمبر کو بڑی سکرین پر آ رہا ہے۔‘
یہ فلم کلکی کرشنامورتی کے مشہور تاریخی ناول پونئین سیلوان (دی سن آف پونی) پر مبنی ہے۔
گذشتہ برس ایشوریا رائے بچن نے اپنے فوٹو شئیرنگ ایپ انسٹاگرام پر پونین سیلوان کا پوسٹر شئیر کرتے ہوئے اس پراجیکٹ سے وابستگی کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل ایشوریا رائے اسی فلمساز کے ساتھ 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’گرو‘ اور 2010 کی فلم ’راون‘ میں کام کر چکی ہیں۔ اداکارہ نے دونوں فلموں میں اپنے شوہر ابھیشیک بچن کے ساتھ کام کیا۔