مون سون بارشیں آج سے، شدید گرمی کی لہر میں کمی کا امکان
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی بارشیں آج سے شروع ہو رہی ہیں.
جمعرات کو اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری رہے گا جبکہ بدھ کو یہ 41 ڈگری تک پہنچ گیا تھا.
بارشوں کا سلسلہ ملک کے بیشتر حصوں تک پھیلے گا اور اگلے چند روز تک موسم ٹھنڈا رہے گا۔
محکمہ موسمیات اسلام آباد مرکز کے مطابق رات سے اسلام آباد میں بارش شروع ہو جائے گی اور اگلے تین چار روز تک اس کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، سرگودھا اور فیصل آباد سے لے کر بہاولنکر تک بارشیں ہوں گی۔
خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارشیں ہوں گی جبکہ صوبہ سندھ کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش ہو گی۔
کراچی کے موسم کے بارے میں محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مون سون کے اس سلسلے میں ملک کے سب سے بڑے شہر میں بھی بارش ہو گی۔
موسمیات کے محکمے کے مطابق کشمیر کے وہ حصے جو پنجاب کے ساتھ لگتے ہیں وہاں پر بھی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
طغیانی کے خدشات کے حوالے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پنجاب کے مشرقی حصے کے شہروں میں ایسی صورت حال پیدا ہونے کا امکان ہو سکتا ہے جبکہ کشمیر کے بالائی علاقوں میں لینڈ سلائڈنگ کے خدشات بھی موجود ہیں۔