اہم خبریں

پی ٹی آئی کی ملک دیوالیہ کرنے کی سازش ناکام بنائیں گے:مفتاح اسماعیل

اگست 27, 2022 2 min

پی ٹی آئی کی ملک دیوالیہ کرنے کی سازش ناکام بنائیں گے:مفتاح اسماعیل

Reading Time: 2 minutes

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لیے حکومتی کوششوں کو سبوتاژ کرنے پر پاکستان تحریک انصاف کی منفی کردار پر افسوس کا اظہار کیا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق مفتاح اسماعیل نے کہا کہ توقع ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پیر کو ہونے والے بورڈ اجلاس کے بعد پاکستان کو قرض کی قسط جاری کرے گا۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور خان جھگڑا نے ایک خط لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت آئی ایم ایف کی ضروریات پوری کرنے کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ تعاون نہیں کرے گی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ تیمور خان جھگڑا پیر کو ان سے ملنے اسلام آباد آئیں گے۔جمعہ کی شام تیمور خان جھگڑا سے فون پر بات کی۔

’فواد چودھری نے بھی اسی طرح کا بیان دیا اور شوکت ترین پنجاب میں بھی ایکٹو ہوئے، بعد میں فون پر تیمور جھگڑا نے کہا کہ یہ خط آئی ایم ایف کو نہیں لکھا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’بڑی حیرت ہوئی کہ پورا ملک پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور ہمارے کچھ نادان دوست اپنی سیاسی دکانداری چمکانے میں لگے ہوئے ہیں، میں ہاتھ جوڑتا ہوں کہ خدا کے لئے اس وقت سیاست نہ کریں اور جو پاکستانی سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں ان کی مدد کے لئے آ گے آئیں۔‘

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے ملکی معیشت داؤ پر لگا رہی ہے۔ خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ تیمور جھگڑا نے آئی ایم ایف میٹنگ سے پہلے آخری ورکنگ ڈےپر آئی ایم ایف کی شرط پوری نہ کرنے کا خط لکھ دیا۔

عمران خان کو وفاق میں حکومت نہ ملے تو کیا وہ ملک کو ڈیفالٹ کرا دیں گے؟ ہم ایسا نہیں کرنے دیں گے اور ان کی ہر ایک سازش کو ناکام بنائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ تیمور جھگڑا نے خط لکھا اور کہا اگر آپ نے ہمارے دیرینہ مسائل حل نہیں کیے تو ہم آئی ایم ایف معاملات میں تعاون نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں انہوں نے ایسا کچھ نہیں کیا۔ اگر عمران خان کی حکومت نہیں آئے گی تو کیا آپ پاکستان کو تباہ اوردیوالیہ کردیں گے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ملک سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے یہ پتہ نہیں کیا چاہ رہے ہیں، آج کے دن ایسا خط لکھنے کی کیا ضرورت تھی، آپ دس دن اور انتظار نہیں کر سکتے تھے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ چاہتے ہیں عمران خان کی حکومت نہ ہو تو سب کچھ داؤ پر لگا دو، سیلاب میں 70 سے 80 لاکھ کے درمیان مویشی مر چکے ہیں،اگر پانی کی نکاسی نہ ہو سکی تو زمین نہیں سوکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تاریخی سیلاب آیا ہے اور یہ سیاست کر رہے ہیں،کم سے کم اس صورتحال میں تو سیاست چھوڑ دیں اور لوگوں کا سوچیں، آج پاکستانیوں کا مفاد سامنے لے کرآئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اکیلا مفتاح اسماعیل کا نہیں ہم سب کا ہے، ہم اس صورتحال میں بھی سیاست نہیں چھوڑ سکتے؟مزید کہا کہ میں نے تیمور جھگڑا کو کہا ہے کہ پیر کو مجھ سے ملاقات کیلئے آجائیں،تیمور جھگڑا سے قبائلی اضلاع کے فاٹا میں انضمام پر بات ہو گی،۔قبائلی ہمارے بھائی ہیں،وفاق پیسے دینے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پیسے مل رہے ہیں، سندھ میں بھی ملنا شروع ہوجائیں گے،2010 سے شدید سیلاب ہے۔ ہر پیسہ شفاف طریقے سے عوام کی بہتری پر خرچ کریں گے،سب سے اپیل ہے سیلاب زدگان پر دل کھول کر خرچ کریں۔ عالمی برادری سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ مدد کریں گے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے