اہم خبریں متفرق خبریں

عمران خان کی پیشی، اسلام آباد پولیس کا کتنا نقصان ہوا؟

مارچ 19, 2023 2 min

عمران خان کی پیشی، اسلام آباد پولیس کا کتنا نقصان ہوا؟

Reading Time: 2 minutes

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے موقع پر مشتعل کارکنوں نے اسلام آباد کیپیٹل پولیس اور دیگر معاون فورسز کے اہلکاروں پر پتھراؤ کیا جس سے 52 اہلکار زخمی ہوئے۔

‏پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق اسلام آباد پولیس کی 12 اور پنجاب پولیس و ایف سی کی تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

اسلام آباد پولیس کی چار گاڑیاں مکمل طور پر جل گئیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی جی اسلام آباد نے اس مد میں ہونے والے نقصان کا جلد از جلد تخمینہ لگانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

ادھر اسلام آباد میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت پارٹی کے 18 رہنماؤں پر مقدمہ درج کیا ہے جبکہ 18 کارکنوں کو موقع سے گرفتار کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔

اتوار کو اسلام آباد پولیس کے سربراہ نے عمران خان کی پیشی کے موقع پر سرکاری املاک اور امن و امان قائم رکھنے والے محکموں کی گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

سنیچر کو چیئرمین عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی کے الزام میں شام کو درج کیے گئے مقدمے کے مطابق پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے رہنما ہجوم کے ہمراہ آئے جن کے ہاتھوں میں ڈنڈے اور پتھر تھے۔

سی ٹی ڈی تھانے میں درج ایف آئی آر کے مطابق عمران خان کے ہمراہ آنے والے ہجوم نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔
مقدمہ دہشتگردی، کارسرکار میں مداخلت، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نیازی کے ساتھ آنے والے ہجوم نما لشکر نے پولیس ناکے پر پہنچ کر جلاؤ گھیراؤ کیا، توڑ پھوڑ کی اور دہشت پھیلاتے ہوئے پولیس کی پکٹیں توڑ دیں، جوڈیشل کمپلیکس کو چاروں طرف سے گھیر لیا اور مین گیٹ توڑ کر اندر داخل ہو گئے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے