اب آپ ٹوئٹر سے کمائی کر سکتے ہیں، ایلون مسک کی نئی پالیسی
Reading Time: < 1 minuteدنیا کی بڑی سوشل میڈیا کمپنی ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ اب اُن کا پلیٹ فارم اب ذرائع ابلاغ اور انفرادی پبلشرز کو ایک کلک کے ساتھ صارفین سے فی مضمون کی بنیاد پر چارج کرنے کی اجازت دے گا۔
انہوں نے اس کو عام صارفین اور میڈیا اداروں دونوں کی جیت قرار دیا ہے۔
ٹوئٹر انکارپوریشن کے ارب پتی مالک ایلون مسک نے کہا کہ اُن کے پلیٹ فارم کا یہ فیچر مئی میں متعارف کرایا جائے گا۔
’اس فیچر کے ذریعے ایسے صارفین کو فائدہ ہوگا جو کسی اخبار یا ویب سائٹ کو ماہانہ بنیادوں پر رقم دے کر پڑھنا نہیں چاہتے اور کبھی کبھار کسی ایک مضمون کو دیکھنا چاہتے ہیں۔‘
ایلون مسک نے کہا کہ ٹوئٹر پہلے سال صارفین کی جانب سے دی جانے والی رقم پر پبلشرز سے کٹوتی نہیں کرے گا تاہم اگلے برس سے دس فیصد رقم سوشل میڈیا پلیٹ فارم وصول کرے گا۔
ان سبسکرپشنز میں طویل مضامین کا متن اور گھنٹوں کے دورانیے کی ویڈیو شامل ہوں گی۔
گزشتہ برس اکتوبر میں سوشل میڈیا فارم کو سنبھالنے کے بعد سے ایلون مسک نے بہت تیزی سے مصنوعات و اشتہارات کی پالیسی اور تنظیمی تبدیلیاں کیں۔
کمپنی نے ٹوئٹر سے تصدیق شدہ بلیو ٹک کو بطور ادا شدہ سروس متعارف کرایا اور ملازمین کی تعداد کو تقریباً 80 فیصد تک کم کر دیا۔
ایلون مسک ایک ایسے وقت ٹوئٹر پر آمدن بڑھانے کے لیے تبدیلیاں لا رہے ہیں جب سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے پچھلے سال اشتہارات کی آمدنی میں کمی دیکھی ہے اور اس کی بحالی ممکن نظر نہیں آتی۔